حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تاراگڑھ اجمیر/ مرجع عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر تاراگڑھ، اجمیر میں جلسۂ تعزیت منعقد کیا گیا، جس میں امام جمعہ تاراگڑھ مولانا نقی مہدی زیدی، مولانا مظفر حسین نقوی، مولانا محمد علی زیدی اور مومنین کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا گلزار حسین جعفری نے اپنے تعزیتی تاثرات پیش کیے۔ انہوں نے حدیثِ مبارکہ: «إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ ثُلِمَ فِي الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا يَسُدُّهَا شَيْءٌ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب کوئی عالم وفات پاتا ہے تو اسلام میں ایسا شگاف پیدا ہوتا ہے جسے کوئی چیز پُر نہیں کرسکتی۔ آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانیؒ کا ارتحال عالمِ اسلام کے لیے عظیم علمی، دینی اور روحانی خسارہ ہے۔
مولانا گلزار حسین جعفری نے مزید کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانیؒ کی دینی و سماجی زندگی کا ایک نمایاں پہلو شعائرِ اہل بیتؑ، بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عزاداری کے احیاء اور تعظیم کے حوالے سے ان کا خصوصی اہتمام تھا۔ آپؒ نے اپنی علمی و دینی خدمات کے ذریعے مکتبِ اہل بیتؑ کی ترویج اور دینی شعائر کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا۔










آپ کا تبصرہ